لاہور: معروف اداکار سہیل سمیر نے اپنی مختصر فلم ‘دوسری عورت’ کے قابل اعتراض مناظر پر تفصیلی معذرت جاری کی ہے۔ یہ معذرت اس وقت سامنے آئی جب اس پروجیکٹ کا ایک پرانا کلپ دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور صارفین کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکار نے وضاحت کی کہ یہ کلپ تقریباً 10 سال قبل بنائے گئے ایک پروجیکٹ کا حصہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت، یہ کلپ ایک خاص تناظر میں فلمایا گیا تھا اور اس کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا یا معاشرتی اقدار کی خلاف ورزی کرنا نہیں تھا۔ سہیل سمیر نے مزید کہا کہ وہ اپنے کام کے ذریعے ہمیشہ مثبت پیغام دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
سہیل سمیر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگرچہ وہ اس وقت کے حالات کی وضاحت کر سکتے ہیں، لیکن وہ اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ آج کے تناظر میں یہ مناظر نامناسب لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے ان تمام افراد سے دلی معذرت کی ہے جن کے جذبات کو اس کلپ سے ٹھیس پہنچی ہے، اور یقین دلایا کہ مستقبل میں وہ اپنے کام میں مزید احتیاط برتیں گے۔



