لاہور: معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اور ان کی بہن کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور سنگین دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ رمشا اقبال نے پنجاب بار کونسل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گھر کے باہر رات کے اوقات میں نامعلوم گاڑیاں بھیجی جاتی ہیں جو انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
رمشا اقبال نے مزید انکشاف کیا کہ ایک روز قبل نامعلوم افراد کو مومنہ اقبال کے سسرال کے گھر بھی بھیجا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کی بہن کو مسلسل خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے، جس سے ان کی ذاتی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
رمشا اقبال نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور انہیں اور ان کی بہن کو تحفظ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھمکیاں اور ہراسانی ان کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بن رہی ہے اور وہ اس غیر یقینی صورتحال میں خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔




