استنبول – وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر دوطرفہ دورے پر جمعہ کو استنبول پہنچ گئے۔ اتاترک ایئرپورٹ پر ان کا استقبال ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔
وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے جہاں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور عالمی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، دفاعی و سکیورٹی شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔


