راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد، وقت کی کسوٹی پر پرکھی ہوئی اور بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود ثابت قدم رہی ہے۔ انہوں نے یہ ریمارکس ہفتہ کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 99ویں یوم تاسیس کی تقریبات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر فوجی افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے 99ویں یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی کی چین کے دفاع، قومی ترقی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے نمایاں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاک چین تعلقات کی پائیدار مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے، آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی منفرد، وقت کی کسوٹی پر پرکھی ہوئی اور بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود ثابت قدم رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پیپلز لبریشن آرمی حقیقی شراکت دار ہیں جو باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور قریبی تعاون کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔

