امریکی حکام نے ایک سابق سی آئی اے افسر کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں مالیت کی سونے کی اینٹیں، لاکھوں ڈالر نقد رقم اور درجنوں لگژری گھڑیاں برآمد کر لی ہیں۔ یہ کارروائی واشنگٹن ڈی سی کے نواحی علاقے میں کی گئی ہے اور اس نے امریکی انٹیلی جنس حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
سیکیورٹی ایجنٹس نے سابق افسر کے گھر سے تقریباً 2 ملین امریکی ڈالر نقد، 35 قیمتی لگژری گھڑیاں اور سونے کی کئی اینٹیں برآمد کیں جن کی مالیت کروڑوں روپے میں بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ چھاپہ ایک طویل عرصے سے جاری تحقیقات کا حصہ تھا جس کا مقصد سرکاری عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جمع کی گئی غیر قانونی دولت کا پتہ لگانا تھا۔
اس واقعے نے امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں میں شفافیت اور احتساب کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ حکام نے اس معاملے پر مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا ہے، تاہم بتایا گیا ہے کہ سابق افسر زیر حراست ہے اور اس کے خلاف منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔





