پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اتوار کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث ایک دن میں بارش سے متعلقہ واقعات میں کم از کم سات افراد جاں بحق اور 33 دیگر زخمی ہو گئے۔
محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جون تک ملک کے بالائی حصوں میں گرد آلود اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا تھا۔ پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے بتایا کہ ہفتے کے روز بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ سمیت کئی اضلاع میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں سات افراد جاں بحق ہوئے جن میں دو بچے، چار مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ زخمیوں میں سات مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں کے لیے قریبی رابطے میں ہیں، بیان میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر حساس سیاحتی مقامات پر جانے سے بچیں، اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور متاثرین مزید معلومات کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن — 1700 — پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مئی کے مہینے میں بھی خیبر پختونخوا میں بارش سے متعلقہ واقعات میں دو افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے تھے اور 11 زخمی ہوئے تھے۔



