دریائے چناب میں اتوار کے روز سیلابی صورتحال برقرار رہی تاہم پانی کا بہاؤ درمیانے سے کم سطح پر آگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، بالائی پنجاب اور ملک کے شمالی حصوں میں بارشوں کے ایک نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔
پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے اتوار کی صبح جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ صوبے کے دریاؤں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال برقرار ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبی گزرگاہوں میں پانی کا بہاؤ مستحکم رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں صبح 6 بجے کے قریب کالا باغ میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 34 ہزار کیوسک، چشمہ میں 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک اور تونسہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی آرہی ہے اور مرالہ، خانکی، قادر آباد اور تریموں بیراجوں پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صبح 6 بجے مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 43 ہزار کیوسک، خانکی پر 1 لاکھ 38 ہزار کیوسک، قادر آباد پر 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک اور تریموں پر 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی ہیڈ ورکس پر بھی نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں بلوکی پر 81 ہزار کیوسک اور سدھنائی پر 60 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔ دریائے ستلج اور جہلم میں بھی پانی کی سطح معمول پر ہے۔ نارووال کے بسنتر نالہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ وزیر آباد کے نالہ میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔



