لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رسول اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت عالمِ انسانیت کیلئے اللّٰہ کریم کا سب سے بڑا انعام ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک ساعتیں ہر مسلمان کے دل میں خوشی اور روحانیت کی نئی لہر پیدا کرتی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی آمد سے جہالت اور گمراہی کے اندھیرے چھٹ گئے اور دنیا میں ہدایت کا نور پھیلا۔ آپ ﷺ کی تعلیمات نے انسانیت کو امن، بھائی چارے، مساوات اور عدل کا درس دیا، جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت دن کے موقع پر نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور معاشرے میں محبت، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے ایک مثالی معاشرہ تشکیل دینا چاہیے جو دنیا بھر کے لیے امن اور بھائی چارے کی مثال بنے۔




