لاہور: پنجاب اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف دو قراردادیں جمع کرائی گئی ہیں جن میں ان کے حالیہ فوج مخالف ریمارکس پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ ریمارکس پاک فوج کے شہداء اور افغانستان سے متصل علاقوں میں ریاست کی رٹ سے متعلق تھے۔
یہ قراردادیں استحکام پاکستان پارٹی (IPP) کے رکن صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن راحیلہ خادم نے الگ الگ پیش کیں۔ قراردادوں میں مولانا فضل الرحمان کے بیانات کو قومی سلامتی کے اداروں کی تضحیک اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔
قراردادوں میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے بیانات سے شہداء کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی ہے اور یہ ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف سازش کا حصہ ہیں۔ لہٰذا، ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص قومی اداروں کے خلاف ایسے بیانات دینے کی جرات نہ کرے۔


