اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ، فیلڈ مارشل اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے قائم ہیں۔ یہ رشتے باہمی احترام اور محبت پر مبنی ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام کی حمایت کرتی رہے گی۔ انہوں نے سعودی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔



