سابق جنرل سیکریٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) اوورسیز، شیخ قیصر محمود نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ایک اہم مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مثبت اور دور رس قدم قرار دیا ہے، جو تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا عکاس ہے۔
شیخ قیصر محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ نہ صرف ان تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ علاقائی سلامتی اور استحکام کو بھی فروغ دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی دفاعی صلاحیتوں کا باہمی اشتراک خطے میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط ڈھال ثابت ہوگا، اور یہ اقدام مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مستقبل میں دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ بھی دفاعی تعاون کی راہیں ہموار کرے گا اور عالمی سطح پر اسلامی دنیا کے کردار کو مزید نمایاں کرے گا۔ شیخ قیصر محمود نے اس تاریخی پیشرفت پر تمام متعلقہ فریقین کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام نہ صرف ان ممالک کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے عالمی امن کو بھی تقویت ملے گی۔




