کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو اینڈ ایس سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی ہدایات پر، ہائیڈرنٹس سیل کے فوکل پرسن نے محرم الحرام میں یوم عاشور سے قبل پانی کی فراہمی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وسطی، مغربی اور کیماڑی اضلاع میں واقع متعدد امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔
اس معائنے کا بنیادی مقصد محرم کے دوران امام بارگاہوں میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا تھا تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فوکل پرسن نے مختلف امام بارگاہوں میں موجود پانی کے ذخائر، پائپ لائنوں کی حالت اور پانی کی دستیابی کا بغور جائزہ لیا، اور اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام انتظامات تسلی بخش ہوں۔
کے ڈبلیو اینڈ ایس سی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں شہریوں کو پانی کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ادارے کے حکام نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں تاکہ عزاداروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
