پیر کی سہ پہر اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب و خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بہت سے لوگ اپنے گھروں، دفاتر اور تجارتی عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں وسیع پیمانے پر محسوس کیے گئے، جبکہ خیبر پختونخوا کے پشاور، سوات، نوشہرہ اور دیگر علاقوں میں بھی ان کی شدت محسوس کی گئی۔ لوگوں نے خوفزدہ ہو کر کھلے مقامات کا رخ کیا اور کلمہ طیبہ کا ورد کیا۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ عمارتیں لرز اٹھیں اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ نکلے۔ تاہم، فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے زلزلے کی شدت اور گہرائی کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی ہیں، لیکن شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔





