انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نے اتوار کو بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ سے ملاقات کی اور تعاون بڑھانے کے طریقوں کے ساتھ ساتھ تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ ملاقات رفاع پیلس میں واقع شاہی رہائش گاہ پر ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ، جو بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر بھی ہیں، نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی گہرائی کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ تعلقات مشترکہ عزم اور اہداف کے حصول کی بدولت مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں مشترکہ ہم آہنگی کو مزید گہرا کرنے کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، جو دونوں ممالک کی باہمی خوشحالی اور ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔ ولی عہد نے علاقائی سلامتی اور استحکام کی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں پاکستان کے ‘اہم کردار’ کو بھی سراہا، جو اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر یہ کردار ادا کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نے ولی عہد کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ‘مملکت بحرین کی مسلسل ترقی اور خوشحالی’ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تعاون بڑھانے کے طریقوں، تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



