پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے عید الاضحیٰ کا دن بلوچستان کے ضلع ژوب میں تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر انہوں نے قوم کے عزم اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر انسانی اور وحشیانہ کارروائیاں قوم کے پختہ ارادوں کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
جنرل عاصم منیر نے زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم متحد ہو کر ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی۔ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں اور معاونین کا پوری قوت سے تعاقب جاری رکھیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔




