بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں گزشتہ رات دہشت گردوں کے ایک تھانے پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ چھ سیکیورٹی اہلکار اور چار شہری زخمی ہو گئے۔ پولیس نے جمعرات کو اس واقعے کی تصدیق کی۔ بدھ کی رات دہشت گردوں نے میریان پولیس اسٹیشن میں دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ایک زوردار دھماکہ ہوا اور اس کے بعد دہشت گردوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا طویل تبادلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق، دہشت گردوں نے حملے کے فوراً بعد تھانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ بنوں پولیس نے جمعرات کو ایک سرکاری بیان میں بتایا کہ حملے میں شدید زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نور جمال خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ چھ سیکیورٹی اہلکار اور چار شہری اب بھی زیر علاج ہیں۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ حملے کے بعد ہونے والی شدید فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشت گرد ہلاک یا زخمی ہوئے، تاہم ان کی صحیح تعداد نہیں بتائی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کچھ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ شہید پولیس اہلکار نور جمال خان کی نماز جنازہ بنوں پولیس لائنز میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں بنوں کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فرقان بلال، ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ربنواز خان اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔



