خضدار – سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار کے پہاڑی علاقے شور پرود میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے ہفتہ کو بتایا کہ یہ کامیاب کارروائی دہشت گردوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ آپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا جن میں علاقے میں ‘فتنہ الہند’ نامی دہشت گرد گروہ کے ارکان کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ان اطلاعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا گھیراؤ کیا اور دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
اس کارروائی کو دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی ایک اور بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


