کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ فی لیٹر پیٹرول پر 130 روپے سے زائد کی رقم ٹیکسز کی مد میں وصول کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دھرنوں کا مرکزی مطالبہ یہی ہے کہ عوام پر مسلط پٹرولیم لیوی اور دیگر بھتہ نما ٹیکسز کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
منعم ظفر نے کراچی کے سنگین مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، اور ہر گلی محلے میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے حکمران اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک عوام کو ان کے حقوق نہیں ملتے اور شہر کے مسائل حل نہیں ہوتے، جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہے گا۔



