پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران بھارت کی حمایت یافتہ چھ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ آپریشن ملک دشمن عناصر کے خلاف جاری وسیع تر کارروائیوں کا حصہ ہے جو صوبے میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پنجگور کے علاقے میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ دہشتگرد مارے گئے، جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات کے علاوہ گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد صوبے میں ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے کو باقی ماندہ دہشتگردوں سے مکمل طور پر صاف کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کو بھارت کی حمایت حاصل تھی، جو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔





