کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں ڈاکٹر آکاش کے قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان ڈاکو اپنے فرار ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ عمر بروہی گوٹھ کے قریب پیش آیا جہاں ملزمان کو تفتیش اور جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جب ملزمان کو لے کر پولیس پارٹی علاقے میں پہنچی تو ان کے دیگر ساتھیوں نے، جو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے، پولیس وین پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس فائرنگ کے تبادلے میں، گرفتار ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر آکاش کو چند روز قبل گلشنِ معمار میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کر دیا گیا تھا، جس پر شہر بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔ شہری حلقوں کی جانب سے ڈاکٹر آکاش کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث تھے اور ان سے مزید تفتیش جاری تھی۔



