اسلام آباد – وزارت داخلہ کے مطابق، پاکستان نے ملک میں بغیر درست ویزا کے مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ان کی گرفتاریاں 10 جولائی سے شروع ہوں گی۔
وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے حکام کو بھی باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان ہدایات میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی تفصیلات شامل ہیں۔
یہ فیصلہ ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی کو کنٹرول کرنے کے حکومتی عزم کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف درست سفری دستاویزات رکھنے والے افراد کو ہی پاکستان میں رہنے کی اجازت ہوگی، اور اس اقدام کا مقصد ملکی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔





